
اسلام آباد- ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان موجودہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دے کر اسے 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط معاشی روابط خطے کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔
صدر مسعود پزشکیان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان سمندری اور زمینی راستوں کی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے، جو نہ صرف دوطرفہ تجارت بلکہ خطے میں ٹرانزٹ اور لاجسٹکس کے نظام کو بھی مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فری اکنامک زونز دونوں ممالک کے لیے لازمی ہیں تاکہ سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
ایرانی صدر نے بتایا کہ دونوں ممالک نے انسداد دہشتگردی کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ خطے میں امن اور استحکام قائم رکھا جا سکے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) کا تبادلہ دونوں ممالک کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ایران اور پاکستان ان روابط کو حتمی شکل دینے اور طویل المدتی تعاون کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہیں۔




