
اسلام آباد:
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹوں کو پاکستان آمد پر گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے انہیں نائیکوپ (NICOP) اور ویزا کی سہولت فراہم کرنے میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان https://www.geonewsurdu.tv/latest/411348-میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ “اگر بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کا نائیکوپ گم ہو گیا ہے تو ہم انہیں نیا کارڈ جاری کرنے میں بالکل ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے، اسی طرح ویزا کی درخواست دی گئی تو وہ بھی بلا رکاوٹ جاری کیا جائے گا۔”
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیٹوں سے حکومت کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں اور ان کے پاکستان آنے پر کوئی قانونی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مدد مانگنے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ “عمران خان خود امریکی غلامی سے آزادی دلوانے کا دعویٰ کرتے رہے لیکن ان کے بچے امریکی مدد سے اپنے والد کو آزاد کرانے کی بات کر رہے ہیں، یہ ان کے بیانیے میں واضح تضاد ہے۔”
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ حکومت کا ہمیشہ سے یہی مؤقف رہا ہے کہ ملک کے بڑے قومی مسائل پر تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان مکالمہ ہونا چاہیے۔ “ہم نے کئی بار کوشش کی ہے کہ سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر قومی ایجنڈے پر بات چیت ہو، لیکن بدقسمتی سے اس جانب پیش رفت نہیں ہو سکی۔”




