
جلالپور پیروالا کے قریب موٹروے کا حصہ سیلاب میں بہہ گیا، ٹریفک معطل
جلالپور پیروالا کے قریب موٹروے کا حصہ سیلاب میں بہہ گیا
ملتان: شدید بارشوں اور دریائے چناب میں پانی کے اضافے کے باعث جلالپور پیروالا کے قریب سیلابی ریلے نے موٹروے ایم فائیو (M-5) کا ایک حصہ بہا دیا، جس کے بعد موٹروے کو فوری طور پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق اوچ شریف روڈ پر شگاف کے باعث موٹروے کو شدید نقصان پہنچا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی ٹیم نے مرمتی کام شروع کیا مگر تیز پانی کے بہاؤ کے باعث یہ کوششیں روکنی پڑیں۔
جلالپور شہر اور شجاع آباد کی صورتحال
حکام کے مطابق جلالپور شہر کو بچانے والے بند پر دباؤ میں کمی آ رہی ہے۔ دوسری جانب دریائے چناب کے پانی کی سطح کم ہونے کے بعد شجاع آباد کے کئی زیرِ آب علاقے رفتہ رفتہ خشک ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
اوچ شریف روڈ پر پڑنے والے شگاف نے درجنوں بستیوں کو متاثر کیا ہے۔ مقامی افراد اپنی جان و مال کو بچانے کے لیے ریسکیو ٹیموں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔ ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے اور متاثرہ آبادی کو امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
گزشتہ کئی دنوں سے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں طغیانی دیکھی جا رہی ہے۔ جلالپور پیروالا کے قریب موٹروے کو پہنچنے والا نقصان اس خطے میں بنیادی ڈھانچے کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید خبریں
سیلاب متاثرین کے اگست کے بجلی کے بل معاف، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان

اسلام آباد-وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں میں ماہ اگست 2025ء کے بل معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث پاکستان کے مختلف علاقوں میں بہت تباہی ہوئی ہے۔ انسانی جانوں کے نقصان کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ آبادی کے مال و مویشی، روزگار اور گھروں کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ آبادیوں میں اشیائے خوردونوش اور صحت کی سہولیات کے لئے وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں، عوام اور فوج سب مل کر ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسی تناظر میں یہ حتمی فیصلہ کیا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کے تمام گھریلو صارفین کے ایک ماہ یعنی اگست کے مہینے کے بجلی کے بل معاف کئے جا رہے ہیں اور اس طرح گھریلو صارفین کو اگست کے بل اب ادا نہیں کرنے پڑیں گے۔ اتوار کو قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں سیلاب متاثرین کی مشکلات کا پورا اندازہ ہے اور اس مشکل کی گھڑی میں بجلی کے بلوں کی ادائیگی وفاقی حکومت اپنے وسائل سے کرے گی اور یہ سیلاب متاثرین کا حق ہے کوئی آپ پر احسان نہیں ہے۔ ان متاثرہ علاقوں کے وہ گھریلو صارفین جو اگست کا بل ادا کر چکے ہیں، ان کو یہ رقم اگلے ماہ کے بجلی کے بل میں واپس کر دی جائے گی اور اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح سے ان متاثرہ علاقوں میں زرعی، کمرشل اور صنعتی شعبے سے وابستہ بجلی کے صارفین کے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ لہذا ان کی اگست کے مہینے کے بجلی کے بل کی وصولی فی الفور موخر کی جا رہی ہے۔




