
ببرک شاہ کی سخت رائے کے بعد عمران عباس کا مدبرانہ جواب
کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری ایک بار پھر تنازع کا شکار ہوگئی، جب سابق اداکار ببرک شاہ نے ایک نجی ٹی وی شو کے دوران معروف اداکار عمران عباس کے بارے میں سخت الفاظ استعمال کیے۔
ببرک شاہ نے کہا:
"عمران عباس فلموں کے لیے موزوں نہیں ہیں، وہ ہیرو نہیں لگتے، اصل میں وہ ایک آدمی جیسے بھی نہیں دکھتے۔”
یہ بیان نہ صرف مداحوں بلکہ شوبز حلقوں میں بھی موضوع بحث بن گیا۔
عمران عباس کا ردعمل
ببرک شاہ کی اس بات پر عمران عباس نے فوری طور پر براہِ راست جواب نہیں دیا، لیکن چند روز بعد اپنے مداحوں کے ساتھ ایک لائیو سیشن میں اس حوالے سے ردعمل دیا۔
اداکار نے نام لیے بغیر کہا:
"مجھے مجھ سے نفرت کرنے والوں کی رائے کی پرواہ نہیں، اللہ مجھے میری اوقات سے بڑھ کر کامیابیاں دے رہا ہے۔ یہ نفرت ایک پیکج کا حصہ ہے، ایسے لوگوں کی طرف سے جو اپنی زندگیوں میں کامیابیوں سے محروم رہ گئے ہیں۔”
عمران عباس نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر جو لوگ دوسروں کے خلاف نفرت انگیز تبصرے کرتے ہیں، اگر ان کی پروفائل پر نظر ڈالی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ ان کی اپنی زندگی میں کوئی نمایاں کامیابی نہیں ہوتی۔
"ایسے لوگ جو پروفیشنلی پیچھے رہ جاتے ہیں، وہ دوسروں کو بھی نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں پر غصہ نہیں، بلکہ ترس آتا ہے۔”
اداکار نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے افراد کے لیے صرف دعا ہی کر سکتے ہیں:
"اللہ ایسے لوگوں کو ہدایت دے، کیونکہ ہم ان کے لیے صرف رہنمائی کی دعا ہی کر سکتے ہیں۔”
فواد خان پر بھی تبصرہ
یاد رہے کہ اسی شو کے دوران ببرک شاہ نے ایک اور بڑے اداکار فواد خان کے بارے میں بھی کہا تھا کہ وہ "اوور ریٹڈ” ہیں۔ اس بیان کے بعد سے ببرک شاہ کو سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں
اریبہ حبیب کا انکشاف: ایوارڈز خریدے جاتے ہیں، اصل ایوارڈ بینک اکاؤنٹ ہے




