
ایشیا کپ 2025: فخر زمان کے آؤٹ پر سابق کھلاڑیوں کا اعتراض، امپائرنگ پر سوالات
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت میچ دوران پاکستانی اوپنر فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے فیصلے نے نیا تنازع کھڑا کردیا۔
فخر زمان 15 رنز بنا کر 21 کے مجموعی اسکور پر ہاردک پانڈیا کی گیند پر کیچ آؤٹ قرار دیے گئے، لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے انداز نے شائقین اور ماہرین دونوں کو حیران کر دیا۔
جب ہاردک پانڈیا کی گیند پر کیچ کی اپیل ہوئی تو فیلڈ امپائرز نے فیصلہ تھرڈ امپائر کو ریفر کیا۔
ایکس رے اور ایکشن ری پلے میں یہ واضح نظر آیا کہ گیند زمین سے ٹکرانے کے بعد وکٹ کیپر کے ہاتھ میں گئی، لیکن اس کے باوجود تھرڈ امپائر نے فخر زمان کو آؤٹ قرار دیا۔
فخر زمان کا ردعمل
فیصلے پر فخر زمان نے حیرت کا اظہار کیا اور مسکراتے ہوئے میدان سے باہر گئے۔ ان کے چہرے کے تاثرات نے شائقین کو مزید شکوک میں ڈال دیا کہ امپائرنگ فیصلہ درست نہیں تھا۔
فخر زمان کے آؤٹ ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچ گیا۔ کرکٹ شائقین نے امپائرنگ پر تنقید کی اور اسے "غیر منصفانہ” قرار دیا۔
بعض صارفین نے کہا کہ پاکستان کو صرف بھارت کے خلاف نہیں بلکہ "امپائرز کے خلاف بھی کھیلنا پڑ رہا ہے”۔
پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ "فخر زمان بالکل آؤٹ نہیں تھے”۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ کھیل کی روح کے خلاف ہے۔
محمد حفیظ
سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کو صرف بھارتی ٹیم نہیں بلکہ امپائرنگ فیصلوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی ٹیم کو بہترین کھیل پیش کر کے ایسی رکاوٹوں پر قابو پانا ہوگا۔
بیٹر فواد عالم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ "ایسا لگتا ہے ہم 11 کے بجائے 14 کھلاڑیوں کے خلاف کھیل رہے ہیں”۔ ان کے مطابق فخر زمان کا کیچ واضح طور پر ناٹ آؤٹ تھا۔
میچ کے دوران موجود کمنٹیٹرز نے بھی حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ ری پلے میں گیند زمین کو چھوتی نظر آئی، ایسے میں تھرڈ امپائر کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
یہ متنازع فیصلہ نہ صرف پاکستانی بیٹنگ پر دباؤ کا باعث بنا بلکہ اس نے شائقین کے اعتماد کو بھی متاثر کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے فیصلے بڑے میچز میں کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
ایشیا کپ 2025 کے اس بڑے مقابلے میں فخر زمان کا آؤٹ ہونا اب صرف ایک وکٹ کا نقصان نہیں رہا بلکہ ایک ایسا موضوع بن گیا ہے جس پر کھلاڑیوں، ماہرین اور شائقین سب ہی سوالات اٹھا رہے ہیں۔
مزید خبریں
ایشیا کپ سپر فور مرحلہ: بھارت کے خلاف پاکستان کا اسکور 129/4





