
روحانی الارم -سورۃ کہف
جمعہ کے دن سورۃ کہف کی تلاوت زمین سے آسمان تک نور پیدا کرتی ہے اور یہ نور آٹھ دن تک قائم رہتا ہے۔ یہ نور قبر میں بھی عطا کیا جاتا ہے اور قیامت کے دن میدانِ حشر میں بھی ساتھ ہوگا۔ سورۃ کہف کی روزانہ تلاوت سے ایمان مضبوط ہوتا ہے اور نورِ ایمانی میں اضافہ ہوتا ہے۔
اگر کسی شخص کو رات کے وقت کسی خاص گھڑی میں جاگنا مقصود ہو اور کوئی جگانے والا نہ ہو یا خود بیدار ہونے کی امید نہ ہو، تو وہ عشاء کی نماز کے بعد سورۃ کہف پڑھ کر سو جائے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مقررہ وقت پر آنکھ ضرور کھل جائے گی۔ یہ ایک ایسا روحانی الارم ہے جو کبھی خطا نہیں کرتا۔
قرض سے نجات کا ذریعہ
جو شخص قرض میں مبتلا ہو اور اس کی ادائیگی ممکن نہ ہو رہی ہو، وہ جمعہ کی نماز کے بعد سورۃ کہف کو سات مرتبہ پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے اخلاص کے ساتھ دعا کرے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ایسا سبب پیدا ہوگا کہ قرض کی ادائیگی آسان ہو جائے گی اور بہت جلد اس بوجھ سے نجات ملے گی۔
سورۃ کہف دنیا کے بڑے فتنوں سے محفوظ رکھنے کا ذریعہ ہے۔ قیامت کے دن یہ سورۃ پڑھنے والے کے لئے نور بنے گی اور اسے دجال کے فتنے اور مکر و فریب سے بچائے گی۔ دجال کا فتنہ نہایت سخت ہوگا لیکن جو شخص سورۃ کہف کی تلاوت کا عادی ہوگا، وہ اللہ تعالیٰ کی حفاظت میں رہے گا۔
مصیبتوں اور بلاؤں سے حفاظت
سورۃ کہف کی پہلی اور آخری دس آیات کی تلاوت کرنے والا ہر قسم کی بلا اور مصیبت سے اللہ تعالیٰ کے حکم سے محفوظ رہتا ہے۔ یہ تلاوت انسان کو دنیاوی مشکلات کے ساتھ ساتھ روحانی طور پر بھی مضبوط کرتی ہے۔

