
جولائی 2025 میں پاکستان کو 69 کروڑ ڈالر سے زائد فنڈنگ
اسلام آباد: وزارتِ اقتصادی امور نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ نئے مالی سال کے پہلے مہینے جولائی 2025 میں پاکستان کو 69 کروڑ 45 لاکھ ڈالرز کی غیر ملکی فنڈنگ موصول ہوئی۔ یہ فنڈنگ مختلف بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی پارٹنرز کی جانب سے دی گئی ہے، جو پاکستان کی معاشی ضروریات کو پورا کرنے اور جاری منصوبوں کی تکمیل میں مددگار ثابت ہو گی۔
اعدادوشمار کے مطابق جون 2025 میں پاکستان کو غیر ملکی فنڈنگ کی مد میں 5 ارب 25 کروڑ ڈالرز موصول ہوئے تھے۔ تاہم جولائی میں یہ رقم کم ہو کر 4 ارب 55 کروڑ ڈالرز کم ہو گئی، جو ماہانہ بنیاد پر نمایاں کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ وزارتِ اقتصادی امور نے اس کمی کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ جون میں کچھ بڑے پراجیکٹس کے تحت یکمشت رقوم موصول ہوئی تھیں، جبکہ جولائی میں عام بنیادوں پر ریلیز ہونے والے فنڈز شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ ماہانہ سطح پر کمی دیکھنے میں آئی ہے لیکن سالانہ بنیاد پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جولائی 2024 میں پاکستان کو صرف 43 کروڑ 64 لاکھ ڈالرز کی غیر ملکی فنڈنگ ملی تھی۔ اس کے برعکس جولائی 2025 میں یہ رقم بڑھ کر 69 کروڑ 45 لاکھ ڈالرز ہو گئی، یعنی گزشتہ سال کے مقابلے میں 26 کروڑ ڈالرز زیادہ موصول ہوئے۔
ماہرین کے مطابق غیر ملکی فنڈنگ پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں، توانائی، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر پر خرچ کی جاتی ہے۔ وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق نئے مالی سال میں اس فنڈنگ کو زیادہ تر:
جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل
بجلی اور گیس کے شعبے میں اصلاحات
معاشی استحکام کے اقدامات
قرضوں کی واپسی اور مالیاتی توازن برقرار رکھنے
کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں اضافہ مانگ لیا، اوگرا نے صارفین کو ریلیف دینے کا عندیہ دیا




