علاقائی خبریںقومی
Trending

ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے


 ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور اور ملک کے مختلف حصوں میں آج سہ پہر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگوں نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا اور گھروں و دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی۔ اس کا مرکز افغانستان کے جنوب مشرقی علاقے میں تھا جبکہ گہرائی 22 کلومیٹر نوٹ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق کم گہرائی میں آنے والے زلزلے زیادہ شدت سے محسوس کیے جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے کئی شہروں میں جھٹکے نمایاں طور پر محسوس کیے گئے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد اور کوہاٹ سمیت خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب کے کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ جھٹکے چند سیکنڈز تک جاری رہے، جس کے دوران بلند عمارتوں میں رہنے والے لوگ زیادہ خوفزدہ ہوگئے۔

ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو 1122 اور ایمرجنسی اداروں کو الرٹ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

محکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما مرکز کے حکام کا کہنا ہے کہ جھٹکوں کے بعد آفٹر شاکس کا خطرہ موجود ہے، اس لیے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ یکم ستمبر کی شب افغانستان میں آنے والے ہولناک زلزلے نے 1400 سے زائد افراد کی جانیں لے لی تھیں جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس زلزلے کے جھٹکے بھی پاکستان کے کئی شہروں میں محسوس کیے گئے تھے۔

ماہرین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں خطے میں زلزلوں کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں جو کسی بڑے زلزلے کا پیش خیمہ ہو سکتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خطہ ہمالیہ اور ہندوکش زلزلوں کے لحاظ سے انتہائی حساس ہے، اس لیے مستقبل میں بھی جھٹکوں کے امکانات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

ماہرین نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ زلزلے کے دوران گھبراہٹ سے بچیں، فوری طور پر کھلی جگہ پر جائیں، بجلی کے کھمبوں اور عمارتوں سے دور رہیں اور بچوں و بزرگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔

مزیدخبریں

پنجاب میں شدید سیلابی صورتحال: 3200 دیہات متاثر، 24 لاکھ سے زائد افراد مشکلات کا شکار – پی ڈی ایم اے رپورٹ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button