
اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے 2026 کے لیے حج پالیسی میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے دوبارہ حج اور عمر کی بالائی حد کی پابندی ختم کر دی ہے۔ حج واجبات کی وصولی کا آغاز آج (4 اگست 2025) سے کر دیا گیا ہے جبکہ خواہش مند افراد نامزد بینکوں اور آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
وزارت کے مطابق پہلی قسط آج سے 9 اگست تک وصول کی جائے گی۔ اس دوران رجسٹرڈ افراد کو پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر منتخب کیا جائے گا۔ اگر نشستیں دستیاب رہیں تو 11 سے 16 اگست تک نئے عازمین بھی درخواستیں جمع کروا سکیں گے۔ نشستیں مکمل ہوتے ہی واجبات کی وصولی کا عمل روک دیا جائے گا۔
وزارت نے اعلان کیا کہ 2026 کے لیے حج پیکج 11 لاکھ 50 ہزار سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان ہوگا۔ دوسری قسط کی وصولی یکم نومبر 2025 سے شروع ہوگی تاکہ منتخب ہونے والے عازمین اپنے مالی معاملات بروقت مکمل کر سکیں۔
اس سال کی پالیسی میں سب سے بڑی تبدیلی دوبارہ حج کرنے اور عمر کی بالائی حد سے متعلق ہے۔ پچھلے سالوں میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد اور وہ لوگ جو پہلے حج ادا کر چکے ہوں، مخصوص شرائط کے بغیر دوبارہ درخواست نہیں دے سکتے تھے۔ لیکن 2026 سے یہ پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو فریضہ حج کی ادائیگی کا موقع مل سکے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دینے والوں کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پورٹل پر ریئل ٹائم اپڈیٹس، قسطوں کی ادائیگی کا شیڈول اور نشستوں کی دستیابی کی معلومات بھی دی جائیں گی۔
وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے:
"ہمارا مقصد زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ ہم نے بین الاقوامی معیارات کے مطابق پالیسی میں تبدیلیاں کی ہیں تاکہ بزرگ شہریوں اور دوبارہ حج کرنے والوں کے لیے بھی آسانی پیدا ہو سکے۔”
حکومت کا کہنا ہے کہ نجی اسکیم کے تحت 2025 میں محروم رہ جانے والے افراد کو آئندہ برس ترجیحی بنیادوں پر حج کے لیے منتخب کیا جائے گا۔




