علاقائی خبریںقومی
Trending

سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب

سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہونے والے اجلاس کے دوران سہیل آفریدی کو نیا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب کر لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کی، جس میں اسمبلی کے 90 ارکان نے سہیل آفریدی کے حق میں ووٹ دے کر انہیں قائد ایوان منتخب کیا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے کل ارکان کی تعداد 145 ہے، جن میں سے حکومتی ارکان کی تعداد 93 جبکہ اپوزیشن کے 52 ارکان ہیں۔ قائد ایوان بننے کے لیے 73 ووٹ درکار تھے، یوں سہیل آفریدی واضح اکثریت سے کامیاب ہوئے۔


اجلاس کا پس منظر اور اسپیکر کی رولنگ

اسمبلی اجلاس کے آغاز میں اسپیکر بابر سلیم سواتی نے بتایا کہ علی امین گنڈا پور نے دو مرتبہ اپنا استعفیٰ گورنر کو بھجوایا، اور آج ایوان میں بھی اس کا اعلان کیا۔ اسپیکر نے واضح کیا کہ کچھ افراد نہیں چاہتے کہ سہیل آفریدی وزیر اعلیٰ بنیں، مگر آئین افراد کی خواہشات پر نہیں بلکہ قانون کے مطابق چلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے قائد ایوان کا انتخاب آئین کے مطابق ہوگا، اور ووٹنگ کے بعد سہیل آفریدی کو نیا وزیر اعلیٰ قرار دیا گیا۔


علی امین گنڈا پور کا ایوان میں خطاب

سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عمران خان نے وزیر اعلیٰ بنایا تھا، اور انہوں نے ہمیشہ اپنے لیڈر کی ہدایت پر عمل کیا۔
ان کے مطابق، جس روز عمران خان نے کہا، انہوں نے اسی روز استعفیٰ دے دیا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ "جمہوری عمل کا مذاق نہ بنایا جائے، جو کچھ ہوتا رہا ہے ہم اسے مزید برداشت نہیں کریں گے۔”
انہوں نے بتایا کہ جب انہیں حکومت ملی تو صوبائی خزانے میں صرف 18 روز کی تنخواہ موجود تھی، مگر ان کے دور حکومت میں 218 ارب روپے صوبائی خزانے میں جمع ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو شکوہ ہوگا کہ میں نے انہیں فنڈز نہیں دیے، مگر عوام خوش ہیں کیونکہ میں نے پیسہ عوام کی فلاح پر لگایا۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ تاحال منظور نہیں ہوا، لہٰذا ایک وزیر اعلیٰ کے ہوتے ہوئے دوسرے وزیر اعلیٰ کا انتخاب غیر قانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر نے علی امین گنڈا پور کو وضاحت کے لیے بلایا ہے تاکہ ابہام دور ہو سکے، لیکن حکومتی ارکان کو اتنی جلدی کیوں ہے؟ اگر ان کے پاس اکثریت موجود ہے تو وہ آئینی عمل کا احترام کریں۔
ڈاکٹر عباد اللہ نے اعلان کیا کہ اپوزیشن اس غیر قانونی عمل کا حصہ نہیں بنے گی اور اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اپوزیشن کے مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے باقاعدہ استعفیٰ دیا ہے، جسے ایوان میں تسلیم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چند افراد کی خواہش ہے کہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ نہ بنیں، مگر اسمبلی آئینی دائرے میں کام کرے گی اور قانون کی روشنی میں نئے قائد ایوان کا انتخاب مکمل کیا گیا۔


سہیل آفریدی کا پس منظر اور سیاسی سفر

نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔
وہ 2024 کے عام انتخابات میں پہلی بار ضلع خیبر سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

سہیل آفریدی ماضی میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ISF) کے خیبر پختونخوا صدر رہے۔
علی امین گنڈا پور کی حکومت میں انہوں نے معاون خصوصی برائے کمیونی کیشن اینڈ ورکس کے طور پر خدمات انجام دیں۔
بعد ازاں کابینہ میں تبدیلی کے بعد انہیں وزیر برائے ہائر ایجوکیشن کا قلمدان دیا گیا۔

سہیل آفریدی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔

مزید خبریں

بلومبرگ رپورٹ پاکستان کی معیشت کے لیے اہم سنگ میل، ترقی کا سفر اب نہیں رکے گا: وزیراعظم شہباز شریف

بلومبرگ رپورٹ پاکستان کی معیشت کے لیے اہم سنگ میل، ترقی کا سفر اب نہیں رکے گا: وزیراعظم شہباز شریف

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button