
ایشیا کپ سپر فور مرحلہ: بھارت کے خلاف پاکستان کا اسکور 129/4
دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا معرکہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ 17 اوورز مکمل ہونے پر قومی ٹیم نے 129 رنز اسکور کیے ہیں اور اس دوران 4 اہم وکٹیں گنوا دی ہیں۔
ٹاس اور میچ کا آغاز
اس اہم مقابلے میں بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ دبئی کے میدان میں موجود تماشائیوں نے شاندار جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور روایتی پاک بھارت ٹاکرے کا ماحول مزید پرجوش بن گیا۔
ابتدائی بیٹنگ اور فخر زمان کا متنازع آؤٹ
پاکستانی بیٹنگ کا آغاز اوپنرز نے کیا مگر ابتدا میں ہی جھٹکا لگا۔ فخر زمان نے 15 رنز بنائے اور ہاردک پانڈیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے فیصلے کو شائقین نے سوشل میڈیا پر متنازع قرار دیا اور اس پر بھرپور بحث چھڑ گئی۔
صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی شراکت
فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے میدان سنبھالا۔ دونوں نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 93 رنز تک پہنچایا۔
اس دوران صائم ایوب نے 21 رنز بنائے مگر وہ دوبے کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
حسین طلعت کی مختصر اننگز
قومی ٹیم کی تیسری وکٹ 110 کے مجموعے پر گری جب حسین طلعت 10 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز مختصر رہی مگر انہوں نے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش ضرور کی۔
قومی ٹیم کے سب سے کامیاب بیٹر صاحبزادہ فرحان رہے جنہوں نے دباؤ کے باوجود عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 45 گیندوں پر 58 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
115 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی دوبے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کی نصف سنچری پاکستانی اننگز کا سب سے روشن پہلو رہی۔
اس وقت وکٹ پر کپتان سلمان آغا اور آل راؤنڈر محمد نواز موجود ہیں اور دونوں ٹیم کو بڑے اسکور تک لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
پاکستانی ٹیم میں آج دو تبدیلیاں کی گئیں۔ فہیم اشرف اور حسین طلعت کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
صائم ایوب
صاحبزادہ فرحان
فخر زمان
حسین طلعت
فہیم اشرف
سلمان علی آغا (کپتان)
محمد نواز
محمد حارث (وکٹ کیپر)
شاہین شاہ آفریدی
حارث رؤف
ابرار احمد
بھارت کی ٹیم
بھارتی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں ہوئیں، جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی کو دوبارہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
میچ سے قبل ٹاس کے بعد دونوں کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا جس سے ماحول مزید کشیدہ ہوگیا۔ اس سے پہلے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے بیان نے بھی صورتحال کو مزید تناؤ کا شکار بنا دیا تھا۔
گروپ مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اب سپر فور کے اس مقابلے میں قومی ٹیم کے پاس بدلہ لینے اور فائنل میں پہنچنے کا سنہری موقع ہے۔
مزید خبریں
بھارت کیخلاف میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے اسپورٹس سائیکولوجسٹ کی خدمات حاصل





