
ایف بی آر اصلاحات سے ٹیکس کلیکشن میں نمایاں اضافہ، وزیراعظم شہباز شریف کا اطمینان
وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جاری اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے ٹیکس کلیکشن میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان اصلاحات کے مکمل نفاذ کی حمایت اور تحفظ کرے گی جبکہ ادارہ جاتی رکاوٹوں کو بھی ختم کیا جائے گا۔
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں مجوزہ اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ٹیکس وصولی کے موجودہ اعداد و شمار، کسٹم کلیئرنس کے نظام میں بہتری، اور معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کے اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ:
"اصلاحاتی اقدامات کو کسی صورت سست روی یا سرخ فیتے کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ ہمارا مقصد شفافیت، استعداد کار میں اضافہ، اور عوام کے اعتماد کی بحالی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ انقلابی اصلاحات کا یکساں اور مؤثر نفاذ یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ ٹیکس نظام میں شفافیت آئے اور قومی خزانے میں محصولات کی وصولی بڑھے۔
وزیر اعظم نے کسٹم کلیئرنس کے اصلاحاتی ایجنڈے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے وقت اور وسائل کی بچت ممکن ہے۔ انہوں نے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی تعاون اور مربوط حکمت عملی پر بھی زور دیا تاکہ ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع کیا جا سکے۔
معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس وصولی کے نظام کو شفاف اور قابل اعتماد بنایا جائے گا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ ٹیکس کلیکشن کے تناسب میں اضافہ کرنے اور قومی آمدنی بڑھانے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے۔
اجلاس میں شریک ماہرین نے وزیر اعظم کو بتایا کہ جاری اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس آمدنی میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے جبکہ کسٹم کلیئرنس کے عمل میں درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی تاکہ ان اصلاحات کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں اور ملک کی معیشت مضبوط ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ادارے یا فرد کو اصلاحاتی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اور کسٹم سسٹم میں مزید ڈیجیٹل سلوشنز متعارف کرائے جائیں گے تاکہ فراڈ، ٹیکس چوری، اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری اقدامات سے پاکستان کے ٹیکس وصولی کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا سکے گا۔
اجلاس کے اختتام پر وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ ہر ہفتے اصلاحاتی ایجنڈے پر پیش رفت کی رپورٹ پیش کی جائے اور عوام کو ٹیکس سسٹم میں ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہ کیا جائے۔
سید علی گیلانی کا نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“ پوری دنیا میں گونج رہا ہے، عطاء اللہ تارڑ
فیلڈ مارشل عاصم منیر پاک، امریکا تعلقات کو نئی جہت دے رہے ہیں: برطانوی جریدے کا انکشاف




