
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا تاریخی ریکارڈ، 100 انڈیکس ایک لاکھ 45 ہزار پوائنٹس کی سطح پر
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج سرمایہ کاروں کے لیے ایک اور تاریخی دن ثابت ہوا جب 100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 45 ہزار پوائنٹس کی ریکارڈ سطح عبور کرگیا۔
کاروباری دن کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ کاروبار کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 1185 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 144,222 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اختتامی وقت میں بھی تیزی برقرار رہی اور مارکیٹ 2051 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 145,088 پوائنٹس پر بند ہوئی۔
4 دن میں 5697 پوائنٹس کا اضافہ
اگست کے پہلے چار کاروباری دنوں میں انڈیکس نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور 5697 پوائنٹس کا مجموعی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق یہ تیزی حکومتی معاشی اقدامات اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا نتیجہ ہے۔
آج کے دن مارکیٹ میں 78 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا جس کی مالیت 52 ارب روپے رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا جو 234 ارب روپے بڑھ کر 17,343 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ صرف اگست کے 4 کاروباری دنوں میں ہی کیپٹلائزیشن میں 640 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئی بلندی چھوئی تھی اور 143 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ رجحان برقرار رہا تو مارکیٹ میں مزید مثبت پیش رفت متوقع ہے۔
آئمہ بیگ کی شادی کی خبریں، دُلہے کا نام اور تصاویر بھی گردش کرنے لگیں




