
شاہ رخ خان نے تعلیم کیوں ادھوری چھوڑی
دنیا بھر میں بالی وڈ کنگ کے نام سے پہچانے جانے والے شاہ رخ خان کو لاکھوں لوگ ان کی اداکاری، شہرت اور کامیابیوں کی وجہ سے جانتے ہیں، لیکن شاید بہت کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ فلموں کی دنیا میں آنے سے پہلے شاہ رخ خان تعلیمی لحاظ سے بھی نہایت باصلاحیت تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا داخلہ امتحان پاس کرنے کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ماس کمیونیکیشن ماسٹرز پروگرام میں داخلہ لیا۔ مگر بدقسمتی سے یہ ڈگری وہ کبھی مکمل نہ کرسکے۔
تعلیم کیوں ادھوری رہ گئی؟
ایک پرانے انٹرویو میں شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ ان کی تعلیم کا اختتام ایک جھگڑے کی وجہ سے ہوا۔
شاہ رخ خان اس وقت ڈرامہ سیریل "فوجی” کی شوٹنگ کے ساتھ ساتھ اپنی یونیورسٹی کی حاضری برقرار رکھنے کی جدوجہد بھی کررہے تھے۔ امتحان سے چند دن قبل وہ لائبریری میں تیاری کررہے تھے کہ اچانک پرنسپل وہاں آگئے۔
پرنسپل نے انہیں دیکھ کر کہا:
"اگر میرے بس میں ہوتا تو میں تمہیں اس امتحان میں بیٹھنے نہ دیتا۔”
اس پر شاہ رخ خان نے جوانی کے جوش میں جواب دیا:
"اگر ایسا ہے تو میں بھی یہ امتحان نہیں دینا چاہتا۔”
اور وہ وہاں سے باہر نکل گئے۔
شاہ رخ خان نے اپنے رویے کو بچپن کی حماقت اور بدتمیزی قرار دیا۔ ان کے مطابق وہ اس وقت اپنا سلیبس مکمل کرچکے تھے اور تمام پریکٹیکلز بھی پاس کرلیے تھے۔ صرف آخری تحریری امتحان باقی تھا، لیکن ضد اور جذبات میں آکر وہ موقع کھو بیٹھے۔
اداکار نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"کاش میرے پاس ڈگری ہوتی، میں واقعی اس کی کمی محسوس کرتا ہوں۔”
انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ آج بھی ڈگری نہ ہونے کا افسوس کرتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ہاں، کامیابیاں اپنی جگہ لیکن تعلیم ادھوری چھوڑنے کا غم ہمیشہ دل میں رہتا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا:
"برائے مہربانی اپنی تعلیم کبھی نہ چھوڑیں، کیونکہ اگر میں نے تعلیم مکمل کی ہوتی تو یقین کریں، میں اس سے بھی بڑا سپر اسٹار ہوتا۔”
شاہ رخ خان کی کہانی اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم کی اہمیت کبھی کم نہیں ہوتی، چاہے آپ کتنے ہی کامیاب کیوں نہ ہوں۔ بالی وڈ کے کنگ خان نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے سبق کے طور پر یہی کہا کہ ڈگری کا نہ ہونا آج بھی ان کے دل میں ایک خلا چھوڑ گیا ہے۔
مزید خبریں
پاکستانی گالفر عمر خالد نے امریکا میں فیڈرچ اوپن جیت کر تاریخ رقم کردی




