
برطانیہ کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 13 لاکھ پاؤنڈ امداد کا اعلان
پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے برطانیہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 13 لاکھ پاؤنڈ سے زائد مالیت کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر سامنے آیا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امداد پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے 7 متاثرہ اضلاع میں تقسیم کی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف مل سکے۔
حکام کے مطابق امداد کی رقم براہِ راست ریسکیو اور ریلیف اداروں کو فراہم کی جائے گی تاکہ متاثرہ علاقوں میں خیمے، خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
پاکستان کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں اور گلیشیئر پھٹنے کے باعث آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے درجنوں دیہات زیرِ آب آگئے ہیں جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
پنجاب کے ڈیرہ غازی خان، خیبر پختونخوا کے چترال اور گلگت بلتستان کے غذر سمیت دیگر اضلاع میں سیلاب کی شدت زیادہ رہی ہے۔
برطانیہ کی ماضی کی امداد
یہ پہلا موقع نہیں کہ برطانیہ نے پاکستان میں آفات کے دوران تعاون کیا ہو۔ اس سے پہلے بھی 2010 کے سیلاب اور 2022 کی آفات کے دوران برطانیہ نے بڑی مالی امداد فراہم کی تھی۔
برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات صرف سفارتی نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر بھی قائم ہیں اور اسی جذبے کے تحت یہ امداد فراہم کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں
مری اسلام آباد ایکسپریس وے پر لینڈ سلائیڈنگ سے سڑک کا نصف حصہ بند
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کیس میں ضمانت منظور کرلی




