
ملک بھر میں شدید بارشیں: اسلام آباد کے نشیبی علاقے زیرِ آب، ڈی آئی خان میں 7 افراد جاں بحق
اسلام آباد اور راولپنڈی میں جمعہ کے روز موسلا دھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ بہارہ کہو اٹھال چوک مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا اور متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چند گھنٹوں میں 90 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
شدید بارش کے پیش نظر انتظامیہ نے مارگلہ ہلز کے ٹریل 2، 3، 4 اور 5 سمیت سید پور گاؤں کے عقب میں موجود ٹریل کو بھی عارضی طور پر بند کردیا تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں طوفانی بارش اور آندھی کے نتیجے میں چھتیں گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے۔
7 افراد جاں بحق
40 سے زائد زخمی
متعدد مکان مکمل یا جزوی طور پر تباہ
بارش کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، بجلی کی تاریں ٹوٹنے اور کھمبے گرنے سے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
شہر کے کئی علاقوں میں بڑے درخت اکھڑ گئے اور سڑکیں بلاک ہو گئیں۔ مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پنجاب کے مختلف شہر بھی متاثر
پنجاب کے شہروں میں بھی بارش نے نشیبی علاقوں کو متاثر کیا، چیچہ وطنی، حافظ آباد، چنیوٹ، گجرات، کمالیہ، کوٹ ادو اور گوجرہ میں بارش سے سڑکیں زیرِ آب آگئیں۔
کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
گلگت بلتستان اور اسکردو میں الرٹ
محکمہ موسمیات نے اسکردو اور گلگت بلتستان میں بھی تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام نے عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دریا گلگت کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر تمام دریا کنارے ہوٹلز بند کر دیے گئے۔
دریا کے قریب موجود تعلیمی ادارے بند رکھنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 30 اگست تک ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر رکھا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق:
شہری علاقوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔
عوام کو محتاط رہنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری اپنی حفاظت کیلئے درج ذیل اقدامات ضرور کریں:
بجلی کے پول اور تاروں سے دور رہیں۔
غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
بارش کے دوران اونچی جگہوں پر منتقل ہوں۔
بچوں کو ندی نالوں اور برساتی پانی سے دور رکھیں
- مزید پڑھیں
- سیلاب متاثرہ علاقوں میں نیشنل ہائی وے اور بجلی مکمل بحال، 52 فیڈرز آن لائن – عطاء اللہ تارڑ




