
پاکستان نے بھارت کو 172 رنز کا ہدف دے دیا
دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بھارت کو مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بناتے ہوئے 172 رنز کا ہدف دے دیا۔
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ گراؤنڈ میں موجود شائقین نے روایتی پاک بھارت جوش و خروش کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز اگرچہ پُراعتماد تھا لیکن فخر زمان صرف 15 رنز بنا کر 21 کے مجموعی اسکور پر ہاردک پانڈیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے آؤٹ پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔ شائقین نے امپائرنگ فیصلے کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ری پلے میں گیند زمین کو چھوتی ہوئی نظر آئی۔
صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کی شراکت
فخر کے آؤٹ کے بعد صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا اور ذمہ دارانہ انداز میں 93 رنز کی شراکت قائم کی۔
صائم ایوب نے 21 رنز بنا کر دوبے کی گیند پر کیچ آؤٹ دیا۔
حسین طلعت 10 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کا شکار بنے۔
پاکستانی بیٹنگ کا سب سے نمایاں پہلو صاحبزادہ فرحان کی شاندار کارکردگی رہی۔ انہوں نے 45 گیندوں پر 58 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ 115 کے مجموعی اسکور پر وہ دوبے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اختتامی اوورز میں تیز رفتار بیٹنگ
محمد نواز نے 21 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا مگر 149 کے اسکور پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔
کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 رنز بنائے۔
فہیم اشرف نے صرف 8 گیندوں پر 20 ناٹ آؤٹ رنز جوڑ کر اننگز کو اچھا اختتام دیا۔
یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں مجموعی طور پر 171 رنز اسکور کرتے ہوئے بھارت کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی تبدیلیاں
پاکستان نے اپنی پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کیں، فہیم اشرف اور حسین طلعت کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
اسکواڈ: صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، حسین طلعت، فہیم اشرف، سلمان علی آغا (کپتان)، محمد نواز، محمد حارث (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد۔
بھارت کی تبدیلیاں
بھارتی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں ہوئیں، جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی ٹیم میں واپس آئے۔
میچ سے قبل ہی ماحول کشیدہ نظر آیا۔ ٹاس کے بعد بھی دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔ یاد رہے کہ گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست دی تھی۔
ایشیا کپ سپر فور مرحلے کا یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم ہے۔ پاکستان کے 172 رنز کا ہدف بھارتی بیٹنگ لائن کے لیے ایک بڑا امتحان ثابت ہوسکتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی بولنگ بھارت کے بلے بازوں کو کس حد تک مشکل میں ڈالتی ہے۔
مزید خبریں
ایشیا کپ 2025: فخر زمان کے آؤٹ پر سابق کھلاڑیوں کا اعتراض، امپائرنگ پر سوالات





