
سیلاب متاثرہ علاقوں میں نیشنل ہائی وے مکمل بحال، 52 فیڈرز آن لائن
اسلام آباد – وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں نیشنل ہائی وے مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 60 متاثرہ فیڈرز میں سے 52 فیڈرز آن لائن ہیں جبکہ سوات ون ڈویژن میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال ہو گئی ہے۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کی خصوصی ہدایات
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں بجلی اور سڑکوں کی بحالی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر این ڈی ایم اے اور پاک فوج کے جوان سرگرم عمل ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی بحالی کے کاموں کی براہِ راست نگرانی کی جبکہ مختلف یونٹس اور بٹالینز کو متاثرہ اضلاع میں بھیجا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ این ڈی ایم اے نہ صرف صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے بلکہ ریلیف اور ریسکیو آپریشنز میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ مزید بارشوں کے اسپیل کے حوالے سے ارلی وارننگ سسٹم بھی فعال ہے تاکہ بروقت انخلا یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ سوات کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بڑی حد تک بحال ہو چکی ہے۔ پیر بابا میں 90 فیصد، ملک پور میں 90 فیصد، گوکنڈ میں 95 فیصد اور تحصیل پورن میں 87 فیصد بجلی فراہم کر دی گئی ہے۔ باقی 8 فیڈرز پر بھی تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور جلد 100 فیصد بحالی کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کے مطابق کے کے ایچ، خوازہ خیلہ روڈ (N-90) اور جگلوٹ–سکردو روڈ مکمل طور پر بحال ہو چکی ہیں۔ نیشنل ہائی وے پر کوئی رکاوٹ باقی نہیں۔ ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ بھی بحالی کے آپریشن میں شامل ہیں۔ اضافی مشینری کی بدولت رابطہ سڑکیں بھی کھولی جا رہی ہیں تاکہ متاثرہ دیہات تک رسائی آسان ہو سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گلگت کی تحصیل گوپس میں مٹی کا تودہ گرنے سے ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی تھی، تاہم وہاں موجود تمام افراد کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ آرمی انجینئرنگ کور علاقے کا جائزہ لے رہی ہے اور وزیراعظم کے خصوصی سیل کی جانب سے مسلسل نگرانی جاری ہے۔
این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مسلسل رابطہ ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کا عمل تیزی سے مکمل ہو۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں این ڈی ایم اے متاثرہ خاندانوں کو وارننگ اور آگاہی فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر وفاقی وزراء بشمول وزیر توانائی سردار اویس لغاری اور وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ذاتی طور پر متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔
سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی اور سڑکوں کی بحالی حکومت پاکستان، این ڈی ایم اے اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ متاثرین کے لیے یہ ایک بڑا ریلیف ہے کہ نیشنل ہائی وے مکمل طور پر کھل چکی ہے اور زیادہ تر علاقوں میں بجلی بحال ہو چکی ہے۔ باقی علاقوں میں بھی جلد مکمل بحالی کی توقع ہے۔
مزیدپڑھیں
"دفتر خارجہ: بھارت کا پاکستان اور بھارت میں کرکٹ میچز سے انکار افسوسناک اقدام”
بلند ترین امریکی ٹیرف کے باوجود بھارت اور روس میں تجارتی تعلقات پر اتفاق




