
اڈیالہ جیل سے عمران خان کا بڑا سیاسی فیصلہ
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کو قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت دے دی۔ یہ فیصلہ انہوں نے اڈیالہ جیل میں اپنی بہن علیمہ خان اور وکلا سے ملاقات کے دوران کیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ چار ماہ بعد عمران خان سے ملاقات ممکن ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم تین ماہ سے ملاقات کے لیے آ رہے تھے لیکن اجازت نہیں مل رہی تھی، آج اللہ کا شکر ہے کہ ملاقات کرا دی گئی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران عمران خان کی صحت کے بارے میں تسلی ہوئی، البتہ آنکھ میں تکلیف ہے جس کے علاج کے لیے عدالت سے رجوع کیا گیا ہے۔
علیمہ خان نے بتایا کہ ملاقات میں وکلا ٹیم کے اہم اراکین سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر گوہر اور علی ظفر بھی موجود تھے۔ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں کو واضح ہدایات دیں کہ:
قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا جائے۔
ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لیا جائے تاکہ ان انتخابات کو قانونی جواز نہ مل سکے۔
عمران خان نے ملاقات میں اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے حوالے سے پریشانی کا اظہار کیا جبکہ شیرشاہ اور شاہ ریز کی گرفتاری پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان میں اس طرح کی سزائیں اور نااہلیاں پہلے کبھی نہیں ہوئیں۔”
اس موقع پر انہوں نے کرکٹ کے حالیہ حالات پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ "کرکٹ کو محسن نقوی نے تباہ کیا ہے۔”
بانی پی ٹی آئی نے ملاقات میں بونیر اور دیگر علاقوں میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا پیغام دیا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عمران خان کا یہ فیصلہ قومی اسمبلی کے سیاسی ڈھانچے پر گہرا اثر ڈالے گا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے کمیٹیوں سے استعفے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان توازن کو مزید تبدیل کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کیس میں ضمانت منظور کرلی
سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی 9 مئی کے واقعے سے متعلق کیس میں ضمانت منظور کرلی۔ عدالت عظمیٰ میں جمعرات کے روز سماعت ہوئی جس میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ سنایا۔




