اسلام آباد:
حکومتِ پاکستان اور رابطہ عالم اسلامی کے زیرِ اہتمام عالمی سکول گرلز کانفرنس کا باقاعدہ آغاز آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہو گا۔
بین الاقوامی سکول گرلز کانفرنس میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور ملالہ یوسف زئی شریک ہونگے۔ خواتین کی تعلیم کی اہمیت پر مبنی یہ دو روزہ کانفرنس کل اتوار کو بھی جاری رہیگی، جس کے دوران مختلف اجلاس اور پروگرام منعقد کیے جائینگے۔
عالمی سکول گرلز کانفرنس کے انعقاد کا مقصد خواتین کی تعلیم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دُور کرنا، اُنہیں بااختیار بنانا، آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
کانفرنس میں ڈیڑھ سو سے زیادہ بین الاقوامی مندوبین شرکت کرینگے جن میں وزراء، سفراء، سکالرز اور چالیس مسلمان اور دوستانہ ممالک کے نمائندے شامل ہیں۔
کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حسین ابرہیم طہٰ، مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل اور تنظیم کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اور وزیراعظم شہباز شریف خصوصی خطاب کرینگے۔ حکام کے مطابق عالمی ایجوکیشن ایکٹویسٹ ملالہ یوسفزئی بھی کانفرنس سے کلیدی خطاب کرینگی۔