قومی

پی ٹی آئی احتجاج، اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند

پاکستان تحریک انصاف کے جمعہ کو ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے بیشتر داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔

موٹر وے ایم ون پر اسلام آباد سے انٹری اور ایگزٹ کو بھی بند کر دیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بھی معطل رہے گی۔ جڑواں شہروں میں آج نجی تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔

اسلام آباد میں ریڈ زون کے داخلی راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا، اس کے علاوہ فیض آباد، سیکٹر آئی ایٹ، آئی جے پی ڈبل روڈ، مارگلہ روڈ بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دی گئی ہیں۔

مری روڈ سمیت اسلام آباد ایکسپریس وے سنگجانی، سیکٹر جی الیون چوک، گولڑہ موڑ، 26 نمبر چونگی بند جبکہ ٹیکسلا کے مقام پر  بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔

انتظامیہ کی جانب سے راولپنڈی میں بھی سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، 4 ہزار اہلکار و افسران تعینات کیے جائیں گے جبکہ راولپنڈی میں آج میٹرو بس سروس معطل رہے گی۔

میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی صدر سے آئی جے پی روڈ تک بس سروس معطل رہے گی جبکہ آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس بحال رہے گی۔

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد نے ایک بیان میں کہا کہ آج اسلام آباد میں سیاسی جماعت کی طرف سے ممکنہ احتجاج کے باعث راولپنڈی سٹی میں تمام نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

اسلام آباد پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے بھی آج اسلام آباد میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جنرل سیکرٹری پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن وحید خان نے ایک بیان میں کہا کہ بچوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ گزشتہ روز بھی اسکول کے طلبا و طالبات کنٹینرز کی وجہ سے مشکلات کا شکار رہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ احتجاج روکنا ان کا اختیار نہیں، وہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے احکامات پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے احکامات ان کی ریڈ لائن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود آگے بڑھتا رہوں گا، جلوس میں ایک بندہ بھی نہ رہا تو تنہاء آگے بڑھوں گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button