وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے پاکستانی ثقافت پر انٹرنیشنل فلم کی تیاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم ثقافتی ورثہ کا حامل ملک ہے، ہماری تاریخ، ادب، موسیقی اور فن دنیا بھر میں منفرد اور قابل تعریف ہیں، ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے پاکستانی ثقافت پر فلم دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی اور تنوع دیکھنے کا نیا موقع فراہم کرے گی
یہ بات انہوں نے ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ملاقات میں پاکستانی ثقافت پر مبنی فلم کی تیاری سمیت ملک کے عظیم ثقافتی ورثے اور تاریخ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کو ملک میں فلم کے شعبہ میں ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے پاکستانی ثقافت پر فلم کی تیاری کا انتخاب کیا، یہ ہماری ثقافت اور لوگوں کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ثقافتی ورثہ کا حامل ملک ہے، ہماری تاریخ، ادب، موسیقی اور فن دنیا بھر میں منفرد اور قابل تعریف ہیں، ہمیں یقین ہے کہ یہ فلم دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی اور تنوع کو دیکھنے کا نیا موقع فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کو پاکستان میں فلم انڈسٹری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فلم واحد صنعت ہے جو ٹیکس فری ہے، شہباز شریف کی قیادت میں پچھلے دور حکومت میں ہم نے فلم پالیسی بحال کی، فلم کے شعبہ کو انڈسٹری کا درجہ دیا تاکہ نوجوانوں کو اس شعبہ میں آنے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ 2022-23ءمیں ایک ارب روپے کی لاگت سے فلم فنانس فنڈ قائم کیا، فنکاروں کے لئے میڈیکل انشورنس اور فلم انڈسٹری کے لئے ٹیکس مراعات سے فلم انڈسٹری اور اس سے وابستہ شعبوں کو فروغ ملا۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ 2022-23ءمیں فلم سازوں کو پانچ سال کی ٹیکس چھوٹ دی گئی، نئے سینما گھروں، پروڈکشن ہاؤسز، فلم میوزیمز کے قیام پر پانچ سال کا انکم ٹیکس، فلم اور ڈرامے کی برآمد پر دس سال کے لئے ٹیکس چھوٹ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی طور پر مشترکہ فلم اور ڈرامہ پروجیکٹس پر غیر ملکی فلم سازوں کو بھی رعایت دی گئی ہے، اس کے لئے پاکستان میں 70 فیصد فلم کی شوٹنگ کی شرط لاگو ہے تاکہ سیاحت اور ثقافت سمیت کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا بیانیہ پہنچایا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کو حکومت اور اپنی جانب سے بھرپور حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے تیار کی جانے والی فلم پاکستانی فلمی صنعت کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، فلم کی تیاری سے دنیا بھر کے لوگوں کو پاکستان کے بارے میں مزید جاننے کا موقع ملے گا اور ملک کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔
اس موقع پر ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم نے پاکستان میں میزبانی پر حکومت پاکستان، پاکستان کے عوام اور فلمی صنعت کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دورہ پاکستان سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، پاکستان کی خوبصورتی، عظیم ثقافتی ورثے اور لوگوں سے بہت متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلم سازی کی بڑی صلاحیت موجود ہے، ہم اس صنعت کو مزید آگے بڑھانے میں مدد کے لئے پرعزم ہیں۔ وفد میں جیمز ایم سی میلان، اینڈریو جیمز فیرو، لیوسا اسکن، سعدیہ اشرف، بدر اکرام، مشعل ثاقب شامل تھے۔
واضح رہے کہ ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم پاکستانی ثقافت پر انٹرنیشنل فلم کی عکسبندی کے لئے پاکستان کے دورہ پر ہے۔