پاکستان رینجرز کے تین شہید جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
وزیراعظم سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام کی شرکت
گزشتہ روز جاری احتجاج کے دوران شہید ہونے والے پاکستان رینجرز کے 3 جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نائیک محمد رمضان شہید (عمر 47 سال، ساکن ضلع کرک)، سپاہی گلفام خان شہید (عمر 29 سال، ساکن ڈسٹرکٹ راولپنڈی) اور سپاہی شاہ نواز شہید (عمر 33 سال، ساکن ڈسٹرکٹ سبی) کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی
وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، اعلیٰ حاضر سروس عسکری و سول حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی
اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے کسی انتشار اور خونریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، تشدد کی یہ کارروائیاں ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہیں جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تحمل کی حدود سے تجاوز کر رہی ہیں۔ پوری قوم رینجرز کے شہید سپاہیوں اور ان تمام پولیس اہلکاروں جنہوں نے جاری احتجاج کے دوران جام شہادت نوش کیا یا زخمی ہوئے، کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کی میتیں ان کے آبائی شہر پہنچا دی گئی ہیں جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔