راولپنڈی:
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سانحہ نو مئی میں ملوث پچیس مجرموں کو سزائیں سنا دی گئی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے اعلامیہ کے مطابق نو مئی 2023ء کو قوم نے سیاسی طور پر اشتعال انگیز تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات دیکھے، یہ پرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ نفرت اور جھوٹ پر مبنی ایک پہلے سے چلائے گئے سیاسی بیانیے کی بنیاد پر پاکستان کی مسلح افواج کی تنصیبات بشمول شہداء کی یادگاروں پر منظم حملے اور بے حرمتی کی گئی، یہ پُرتشدد واقعات پوری قوم کے لیے شدید صدمہ ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ نو مئی کے واقعات واضح طور پر زور دیتے ہیں کہ کسی کو بھی سیاسی دہشت گردی کے ذریعے اپنی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کی اجازت قطعاً نہیں دی جا سکتی، اِس یومِ سیاہ کے بعد تمام شواہد اور واقعات کی باریک بینی سے تفتیش کی گئی تھی۔