قومی

وزیراعظم بننے نہیں، الیکشن لڑنے کیلئے آیا ہوں: نوازشریف

sharethis sharing button

مانسہرہ : قائد مسلم لیگ ن و سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ میں وزیراعظم بننے نہیں الیکشن لڑنے کے لیے آیا ہوں۔

مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے کہا کہ مانسہرہ کے عظیم عوام کو میرا سلام، آج گن کر بتائیں کتنے سال بعد آپ سے ملاقات ہورہی ہے، 2013میں یہاں آیا تھا، آپ نوازشریف کو دیکھے بغیر اداس تو نہیں ہوگئے؟ ان لوگوں نے مجھے آپ سے کتنا دور کردیا، کبھی جیل،کبھی مقدمات، کبھی لندن اور کبھی کہیں اور، آج 10سال بعد نوازشریف آپ کے سامنے آچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس نے مانسہرہ کا جذبہ دیکھا ہے،اب کسی کو بولنے کی اجازت نہیں ہوگی، یہ سارا جلسہ ہی مجھے ووٹ دے رہا ہے، مریم یہاں الیکشن لڑنے نہیں آئی، مریم نے کہا تھا میں نے آپکےساتھ مانسہرہ ضرور جانا ہے۔

جو پارٹی 10سال رہی انہوں نے یہاں کیا بنایا؟

قائدمسلم لیگ ن نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام سے پوچھتا ہوں، یہاں 10سال جن کی حکومت رہی انہوں نے یہاں کیا بنایا،انہوں نے مانسہرہ کا کیا سنوارا؟ میں وزیراعظم تھا ،ایک پارٹی کا یہاں وزیراعلیٰ تھا، جو پارٹی یہاں 10سال رہی انہوں نے یہاں کیا بنایا؟ ، مانسہرہ کی موٹروے بہت خوبصورت ہے، آپ سے بھی پوچھتا ہوں موٹروے نہیں تھی تو مانسہرہ کتنی دیر میں پہنچتے تھے؟ جب موٹروے نہیں تھی تو اسلام آباد سے مانسہرہ 5گھنٹے میں پہنچتے تھے، کہاں ڈیڑھ گھنٹے اور کہاں پانچ،نوازشریف کو دعائیں تو دو۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ اپنے وزیراعظم کونہ نکالتے تو مانسہرہ میں بھی  آج خوبصورت ترین ایئرپورٹ ہوتا، یہ شہر خوبصورت شہر ہوتا اور عین ممکن ہے یہاں خوبصورت ترین میٹرو بس سروس ہوتی۔

 انہوں نے کہا کہ یہاں پر کسی نے کچھ بنایاتو میں نے بنایا،موٹروے جاکر دیکھ لیں، نوازشریف نے آکر ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا،سستی بجلی اور گیس دی، میرے دور میں لوگوں کو روزگار ملا، پاکستان میں میٹروبس اور لاہور میں اورنج لائن ٹرین بنائی۔

ہمیں مدت پوری کرنے دی ہوتی تو آپ نے اگلی حکومت بھی ن لیگ کو دینی تھی

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آپکو یاد ہونا چاہیے سبزیاں 10روپے کلو بکتی تھیں، پٹرول 60روپے لٹر تھا،گھی سستا تھا،چینی 50روپے کلو تھی، پاکستان میں کوئی مہنگائی نہیں تھی،اللہ نے برکت دی ہوئی تھی، ان ظالموں نے پاکستان کا ستیاناس کردیا، پاکستان کو ڈگر سے نکال کرنیچے پھینک دیا، ہمیں مدت پوری کرنے دی ہوتی تو آپ نے اگلی حکومت بھی ن لیگ کو دینی تھی۔

نوازشریف نے کہا کہ آج پاکستان دنیا میں کہاں کھڑا ہونا تھا، مہنگائی کا بدنصیب تحفہ پچھلی حکومت نے آپکو دیا، بہت عمدہ پاکستان چھوڑ کرگیا تھا، اب اس صوبے کو سنوارنے کا موقع آیا ہے، خیبر پختونخوا کو پاکستان کا بہتر صوبہ بنانا چاہیے، مانسہرہ خیبر پختونخوا کا سب سے خوبصورت شہر بننا چاہیے،  اگر ن لیگ کی گورنمنٹ آتی ہے تو خوبصورت ترین ایئرپورٹ بنے گا، مانسہرہ میں انشاءاللہ ٹرین آئے گی،جو کراچی سے چلے گی اور یہاں آئے گی،  ٹرین مانسہرہ سے آگے مظفر آباد جائے گی۔

 خیبر پختونخوا والو ! آپ بھی اس جھوٹے شخص کے جھانسے میں آگئے؟

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا والو ! آپ بھی اس جھوٹے شخص کے جھانسے میں آگئے؟ بگاڑنے والوں کو ووٹ خیبر پختونخوا کے لوگوں نے ہی دیا تھا، میں چھوٹی چھوٹی باتیں نہیں کررہا، چھوٹی چھوٹی سڑکیں تو ویسے ہی آپکا حق ہے، اللہ نے موقع دیا تو یہاں میڈیکل کالج بھی بنے گا اور یونیورسٹی بھی، گیس،پٹرول ،سبزیاں اور آلو مٹر بھی سستے ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپکو روزگار اور اچھا مستقبل بھی ملے گا، نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپس ہوں گے، نوازشریف خود آکر آپکے ہاتھوں میں لیپ ٹاپس دے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button