مانسہرہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج اتنی سردی ہے مشکل سےسورج نکلا ہے، لوگ دیوانہ وار جلسہ گاہ میں داخل ہورہے ہیں۔
چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار میں یہاں رشوت کا بازار گرم اپنی جیبیں بھریں گئیں، میں نے تو بلین ٹری منصوبہ کہیں نہیں دیکھا ،کیا آپ نے دیکھا ہے، جو درخت لگے تھے انکو بھی کاٹ کر پیسے کھائے گئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سابق حکومت 10سال میں 10نہیں صرف 5ہسپتال ہی دکھا دے جو یہاں بنائےہوں ، کوئی گرین لائن یا میٹرو بس سروس ہی دکھا دو، کوئی دانش سکول ہی دکھا دو جو تم نےعوام کیلئے یہاں بنایا ہو؟
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز ہوں یا شہبازشریف کیپٹن صفدر نے ہمیشہ یہاں کے ترقیاتی منصوبوں کی بات کی، 10سال میں خیبر پختونخوا جس منصوبے کا نام لے سکتا ہے وہ نوازشریف کی ہزارہ موٹروے ہے، ہزارہ موٹروے کے علاوہ کوئی قابل ذکر منصوبہ ہے تو بتاو؟
چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہا کہ سابق حکمران صرف سیاسی مخالفین نہیں تھے بلکہ ذاتیات پر اترتے تھے، پورا خیبرپختونخوا ماؤں،بہنوں اوربیٹیوں کی عزت کرنے والا صوبہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسان کے اعمال قبر تک پیچھا کرتے ہیں، آپ اپنے مستقبل کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کرنا، آپ خود پر رحم کرو، مانسہرہ نے اپنا فیصلہ 8فروری کے بجائے 22جنوری کو سنادیا ہے۔