لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
شہبازشریف نے دہشتگردوں کے خلاف سیستان میں انٹیلی بیسڈ کامیاب مشترکہ کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرنے والی ٹیم کو سلام پیش کرتا ہوں، حکومتی عمل داری سے محروم علاقے میں کارروائی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد مشترکہ دشمن ہیں، علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون ضروری ہے، پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کے مشترکہ نظام کو ری ایکٹیویٹ کیا جائے، ہم آہنگی بہتر بنانے اور بات چیت سے آگے بڑھنے کے عمل کو مزید مؤثر بنانا ہوگا، کشیدگی میں کمی لانا ہوگی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے آپریشن کے ذریعے اپنی پیشہ وارانہ قابلیت، مہارت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا، آپریشن کی قیادت اور اس میں حصہ لینے والے تمام افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔