کراچی: جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگاڑا نے انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کی نشستیں چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
جی ڈی اے کے سربراہ پیرپگاڑا صبغت اللہ شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اپنے وقت میں بھی سندھ سے نہیں جیتے تھے، بی بی کے دور میں بھی ایسا رزلٹ نہیں تھا، اب جو الیکشن ہوا یہ کام آر او ڈی، آر او کا نہیں تھا۔
پیرپگاڑا نے کہا کہ یہ اینٹی اسٹیٹ الیکشن ہے، 70ء میں 160 ممبر مجیب الرحمٰن کے پاس تھے، لیکن 81 والے کو حکومت دی تھی، مجھے چند ماہ پہلے ایک دوست نے کہا تھا جی ڈی اے ختم کر دیں، آپ کو دو تین ایم این اے اور ایم پی اے مل جائیں گے، پھر تھوڑے دنوں بعد کہا گیا آپ جی ڈی اے ختم کر دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کہا میں دھوکہ نہیں دے سکتا ہوں، میں نے کہا ایم کیو ایم کا پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہے، ایم کیو ایم کا پی ٹی آئی سے جھگڑا ہے، انہوں نے کہا پھر آپ ہارنے کے لئے تیار رہیں، یہ جن لوگوں نے الیکشن کرایا ہے وہ اینٹی اسٹیٹ الیکشن کرایا ہے، یہ الیکشن آگے کیسے چلے گا، الیکشن کرانے والوں کو اندازہ نہیں تھا کہ الیکشن ایسے ہوگا، ہم اینٹی اسٹیٹ لوگ نہیں ہیں۔
ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ جس دن اسمبلی اجلاس ہوگا اسی دن اسمبلی کے باہر دھرنا دیا جائے گا، جی ڈی اے کے دونوں منتخب ارکان حلف نہیں لیں گے، جی ڈی اے نے 16 فروری جمعہ کو حیدرآباد بائی پاس پر بھی دھرنے کا اعلان کر دیا۔