ساہیوال کول پاور پلانٹ میں یوم آ زادی کے حوالے سے تقریب میں ہوا نینگ شینڈوگ روئی پاکستان لیمٹڈ کے عملہ اور چینی ملازمین کی شرکت
ساہیوال کول پاور پلانٹ میں یوم آ زادی کے حوالے سے تقریب میں ہوا نینگ شینڈوگ روئی پاکستان لیمٹڈ کے عملہ اور چینی ملازمین نے بھر پور شرکت کی ہے۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دن کا آغاز پرچم کشائی کی روایتی تقریب سے ہوا، جو پاکستانی ملازمین کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل لمحہ ہے۔ پاور پلانٹ کے پس منظر میں پاکستانی پرچم لہرانے کی تقریب انتہائی عقیدت اور قومی فخر کے ساتھ منعقد کی گئی۔ یہ علامتی عمل نہ صرف حب الوطنی کا اظہار تھا بلکہ چینی ساتھیوں کی پاکستان کی خودمختاری اور تاریخ کے لیے اس احترام اور اعتراف کی بھی ایک مثال ہے۔ تقریب میں انتظامیہ کی اہم شخصیات سمیت تمام سٹاف ممبران نے شرکت کی۔ کمپنی کے صدر مسٹر سو نے دن کی تقریبات میں ایک اہم کردار ادا کیا۔ اپنے خطاب میں مسٹر سو نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کی خوشی میں پاکستانی ملازمین کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے حب الوطنی کی اہمیت پر زور دیا۔ پرچم کشائی کی تقریب کے بعد، کیک کاٹا گیا ، جو اس دن کا ایک پرمسرت اور علامتی جشن ہے۔ پاکستانی پرچموں اور علامتوں سے مزین کیک کو پلانٹ کے ایک سینئر لیڈر مسٹر سو اور مسٹر چن نے کاٹا۔