لاہور ۔۔۔۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبہ پنجاب کی مجموعی ترقی اور عوامی ریلیف کے لئے سیاسی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا جس میں باہمی تعاون کو بہتر بنانے کی تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے حسن مرتضیٰ، ندیم افضل چن اور حیدر گیلانی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی نمائندگی سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کی۔ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صوبے اور عوام کی ترقی کے لئے اقدامات کو سراہا اور جاری پروگراموں کی حمایت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی کسانوں، زراعت، نوجوانوں، سمیت دیگر طبقات کی بہتری کے لئے سکیموں میں مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حلقوں میں ترقیاتی اقدامات، نوجوانوں کی ہنرمندی، سولر سسٹمز کی عوام کو فراہمی میں اشتراک عمل سے آگے بڑھا جائے گا، صوبہ میں موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے، امن وامان یقینی بنانے، جدید آئی ٹی نظام کے فروغ پر موثر عمل درآمد کے لئے تعاون جاری رہے گا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت تمام اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر کاربند ہیں، پاکستان اور عوام کے مفادات کے لئے تمام اتحادی جماعتوں کے اتحاد اور تعاون کے جذبے کو سراہتے ہیں۔ حسن مرتضیٰ نے کہا کہ اختلاف رائے ہمارا بنیادی حق ہے، مل کر عوامی ایشوز کو حل کرنے پر اتفاق رائے کرتے ہیں۔ علی حیدر گیلانی نے کہا کہ عوامی ریلیف کے فارمولے پر اتفاق کرنے پر ہم وزیراعلیٰ مریم نواز اور پی ایم۔ایل این کی کمیٹی کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کو دور کرکے آگے بڑھنے میں ہی اتحادی حکومت کے ثمرات عوام کو ملیں گے۔
Related Articles
Check Also
Close