پشاور میں بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج جاری ہے، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کیا، صحافی بھی آنسو گیس کی شیلنگ سے متاثر ہوئے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔ میئر پشاور حاجی زبیر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلدیاتی نمائندوں کو انتظامی اور مالی اختیارات نہیں دے رہی۔ بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات میں بے جا ترامیم کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سارے اختیارات ضلعی انتظامیہ کے سپرد کر دیئے گئے ہیں۔
مظاہرین کے احتجاج میں اے این پی، جماعت اسلامی، پی ٹی آئی، پی پی پی، ن لیگ کے بلدیاتی نمائندے شامل ہیں۔ بلدیاتی نمائندوں کا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو ایکٹ 2019ء کے مطابق اختیارات سونپے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اڑھائی سالوں سے فنڈز نہیں دیئے جا رہے۔ حکومت لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں دیئے گئے اختیارات بھی نہیں دے رہے۔ کئی بار مالی و انتظامی اختیارات دینے کے وعدے کئے مگر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔