قومی

پی ٹی آئی نے ہمیشہ ریاست اور عوام کا نقصان چاہا، عوام ان کی کال مسترد کر دیں گے، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد ۔ وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کے ساتھ مسلح جتھوں سے لیس ہو کر احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، انہوں نے ہمیشہ ریاست اور عوام کا نقصان چاہا ہے، تحریک انتشار نے پچھلی مرتبہ بھی جدید اسلحے، سٹن گنز، ٹیئر گیس شیل اور گرینیڈ سے لیس مسلح جتھوں کے ساتھ وفاق پر لشکر کشی کی، خیبر پختونخوا کے عوام پہلے ہی ان کی کال مسترد کر چکے ہیں۔

ہفتہ کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انتشار کے مسلح جتھوں نے حالیہ احتجاج میں بلا اشتعال فائرنگ کی، علی امین گنڈاپور کے گارڈز کو گولی چلاتے ہوئے دیکھا گیا، یہ لاشیں گرا کر ان پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، ان کا کوئی احتجاج کبھی پرامن نہیں ہوا۔ یہ ملک میں بدامنی چاہتے ہیں، انہوں نے ہمیشہ سیاسی مفاد پر ریاست کے مفاد کو قربان کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر ملکی تاریخ کے سیاہ ترین دن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ملتان میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے جلسہ کے دوران بھگدڑ مچنے سے کئی ہلاکتیں ہوئیں تھیں تو بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی تقریر جاری رکھی تھی۔ انہیں کبھی عوام کے جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پہلے بھی ان کی کال مسترد کر چکے ہیں، عوام تحریک انتشار کی اگلی کال بھی مسترد کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button