لاہور: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ عوام کو پتہ ہے جب نواز شریف آتا ہے تو مہنگائی کم ہوتی ہے۔
لاہور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ میرے شیرو اور شیرنیوں آپ کا بہت شکریہ، یہ حلقہ میرے لئے نیا نہیں ہے، آپ لوگ نواز شریف سے محبت کرتے ہیں، آپ نے پہلے بھی نواز شریف کو جتوایا، اس دفعہ بھی جتوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2017 میں نواز شریف کو غلط سزائیں دی گئیں،میں ہاتھ جوڑ کر آپ کا شکریہ ادا کرتی ہوں آپ نے ہمیشہ میری لاج رکھی، 2017 میں کلثوم نواز نے یہاں سے الیکشن جیتا، 2017 میں جب نواز شریف کو نااہل کیا گیا تو آپ نے ساتھ نہیں چھوڑا، آپ پر ووٹ کی عزت کی بہت بھاری ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میرے کیسز پر نگران بن کر بیٹھنے والا چلا گیا، پتہ تھا چور کی داڑھی میں تنکا ہے: نوازشریف
مریم نواز نے کہا کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، ہم 28 مئی والے لوگ ہیں 9 مئی والے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جلسے میں ایک بچے نے نواز شریف کا جھنڈا پکڑا ہوا ہے، اس سے پوچھا کہ کیوں پکڑا ہے تو اس نے کہا کہ نواز شریف آتا ہے تو آٹا سستا ہوتا ہے، عوام کو پتہ ہے کہ جب نواز شریف آتا ہے تو مہنگائی کم ہوتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے دکھوں کو لکھنا شروع کریں تو سیاہی سوکھ جائے گی، ان کو عوام کی تکلیف کا احساس ہے کہ آٹا مہنگا ہے، بجلی مہنگی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہماری حکومت رہتی توجنوبی پنجاب کی تقدیر بدل چکی ہوتی : شہبازشریف
سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ کارکن مشکل وقت میں بھی نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہے، میرے شیرو، شیرنیوں میں آپ سب سے یہ کہنا چاہتی ہوں اس حلقہ کے عوام نے نواز شریف کو 2013 میں جتوایا، 2018 میں بھی آپ نے ن لیگ کے امیدوار کو جتوایا۔
انہوں نے کہا کہ 2017 میں جب بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کیا تو میری والدہ نے ادھر سے الیکشن لڑا تو آپ نے ان کو جتوایا، جتنے بھی ورکر میرے سامنے ہیں وہ سب نواز شریف ہیں۔