وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، قومی سلامتی کے معاملات کو خطوط کی طرح عام نہیں کرنا چاہئے، اٹارنی جنرل نے اپنے تمام تاثرات کو واضح کر دیا ہے۔
منگل کو وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اٹارنی جنرل آف پاکستان سٹیٹ کے نمائندے ہیں، ان کی طرف سے ان کیمرہ بریفنگ کے پیغام کو سیاق و سباق سے ہٹ کر دیکھا گیا، اٹارنی جنرل کی طرف سے ان کیمرہ بریفنگ کی ریکوئسٹ قومی سلامتی کی وجہ سے کی گئی تھی، ہمیں قومی سلامتی کو سمجھنا چاہئے، اٹارنی جنرل نے اپنے تمام تاثرات کو واضح کر دیا ہے، قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات کو اس طرح خطوط کے ذریعے سوشل میڈیا پر اجاگر نہیں کرنا چاہئے، کوئی معاملہ ڈسکس کرنا ہو تو چیف جسٹس فل کورٹ بلا سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تنائو کے ماحول کو کم کر کے تمام اداروں کو مل جل کر چلنا ہوگا۔