قومی

معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی برطانیہ کی معروف جامعات کے نمائندہ وفد سے گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے،ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ ہو ، اس حوالے سے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے،پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آ رہی ہے،ہم برطانیہ کے ساتھ تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے برطانیہ کی معروف جامعات کے نمائندگان کے وفد نے منگل کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت برطانیہ کے انٹرنیشنل ایجوکیشن چیمپئن سر اسٹیو اسمتھ کر رہے تھے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، پاکستان میں برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ ہو ، اس حوالے سے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے صوبہ پنجاب میں ایجوکیشن اینڈو مینٹ فنڈ قائم کیا تھا ، اسی قسم کے اقدامات وفاق میں بھی اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لئے حکومت ہنگامی اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آ ر ہی ہے ۔ وزیراعظم نے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں برطانوی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم برطانیہ کے ساتھ تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی اور برطانیہ کی جامعات کے مابین ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں اشتراک ہونا چائیے ۔انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ پاکستانی اساتذہ کی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانیہ کی ایجوکیشن سیکٹر کی استعداد سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستانی اور برطانوی جامعات ریسی پروکل بنیادوں پر ڈگری پروگرامز شروع کر چکی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور اس کا معیار بہتر بنانے کے لئے برطانیہ کے ایجوکیشن سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید تعلیم بالخصوص سائنس اور ٹیکنالوجی کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت ہے۔وفد نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اشتراک اور تعاون کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کی جانب سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ ایجوکیشن گیٹ وے پاکستان کا دائرہ کار مزید پھیلایا جا رہا ہے جس سے دونوں ممالک میں تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی۔وفد نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر وزیراعظم اور حکومتی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button