وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے، مشیر شاہی دربار محمد بن مزیاد آل تویجری کی سربراہی میں وفد سے ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچنے پر رائل ایئر پورٹ ریاض ریجن کے ڈپٹی گورنر عزت مآب شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے استقبال کیا
وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب پہنچنے کے فوری بعد مشیر شاہی دربار کی وفد کے ہمراہ ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مشیر شاہی دربار اور جنرل سیکریٹری سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل عزت مآب محمد بن مزیاد آل ۔ تویجری کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کے دوران پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر ہوئی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا
جناب آل تجویری اور ان کے وفد نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی حکومت اور کمپنیوں کی طرف سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا
جناب آل تویجری نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے کے بعد پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا ہے جس میں سرکاری اور نجی سیکٹر دونوں کی سرمایہ کاری شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں پر مشتمل اہم وفد انتہائی کم وقت میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔
جناب آل تجویری جو سعودی عرب کے وژن 2030 کے انچارج بھی ہیں، نے وزیراعظم کو ویژن 2030 کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات سعودی ویژن 2030ء کے تناظر میں آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وژن 2030 کے تحت پاکستانی افرادی قوت و سرکاری افسران کو تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکن مدد کریں گے۔
ملاقات میں وزیر اعظم کو سعودی حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم پاکستان کی گورننس اسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے سعودی حکومت کی کامیاب اصلاحاتی پالیسی کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کی زیر قیادت وفد کی پاکستان آمد کے دوران سعودی عرب کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نمایاں پیشرفت ہوئی، سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران ہوئی پیشرفت پر برق رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل میں خادم الحرمین الشریفین عزت مآب سلمان بن عبد العزیز آل سعود کے لیے بے پناہ عزت و احترام ہے۔ وزیراعظم نے اپنے پر تپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا
ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے