قومی

وفاقی کابینہ اجلاس، ایرانی صدر کی شہادت پر تعزیتی قرارداد منظور

وفاقی کابینہ نے ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کےر فقا کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر تعزیتی قراردادمنظور کرتے ہوئے پاک ایران تعلقات اور خطے کے حوالے سے خدمات پرڈاکٹر سید ابراہیم ریئسی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور ان کے رفقاء کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم ریئسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے دیگر رفقاء کی المناک حادثے میں شہادت کی خبر سے شدید صدمہ ہوا ہے۔ ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔ پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی میں برادر ملک میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم ریئسی ایک جیّد عالم اور صاحب بصیرت رہنما تھے۔ پاکستان نے ڈاکٹر ابراہیم ریئسی جیسا مخلص اور بھائیوں جیسا دوست کھو دیا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر سید ابراہیم ریئسی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی اپنی قوم کے ساتھ ساتھ پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ ڈاکٹر ابراہیم ریئسی کا دورہ پاکستان ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل تھا۔ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی عوام کے ساتھ گزرے لمحات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

کابینہ کی طرف سے منظور کردہ قرار داد میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مرحوم صدر ڈاکٹر سید ابراہیم ریئسی کے پاک-ایران تعلقات کی مضبوطی اور فروغ کے وژن کو جاری رکھا جائے گا۔ کابینہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم ریئسی، ایرانی وزیر خارجہ اور ان کے رفقاء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button