اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لئے صدر آصف علی زرداری کی جانب سے 10 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنی طرف سے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کےلیے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا۔
ایوان صدر میں ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کی تقریب کے بعد صدر مملکت سے چیمپئن ایتھلیٹ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی، مسلسل محنت اور لگن کو سراہا۔
اس دوران صدر مملکت نے ارشد ندیم کےلیے اپنی جانب سے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ ارشد ندیم نے ملک کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کو بھی متاثر کیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کےلیے سندھ حکومت کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کے انڈومنٹ فنڈ میں 250 ملین روپے کا حصہ ڈالنے کا کہیں گے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا سرفخر سے بلند کیا، پاکستان کو دیگر کھیلوں خصوصاً سنگلز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انکا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے بچوں کو اسکالر شپ دی جانی چاہیے، سندھ حکومت کو پی ایس بی انڈومنٹ فنڈ میں 250 ملین روپے کا حصہ ڈالنے کا کہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
ارشد ندیم نے ہلالِ امتیاز ایوارڈ دینے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور جیولین تھرو ایونٹ کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے ارشد کی کامیابی میں رہنمائی پر کوچ سلمان اقبال بٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔