قومی

آئی ایم ایف کی کڑی شرائط تھیں، پوری کر دی ہیں، وزیراعظم

نیویارک ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط تھیں جو پوری کر دی ہیں، آئی ایم ایف معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔

منگل کو یہاں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ کے صدر کے ساتھ ملاقات میں سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج اقوام متحدہ میں ترکیہ کے صدر نے انتہائی پرجوش خطاب کیا اور فلسطین کا مسئلہ جس طریقے سے بیان کیا اس نے پورے ہال میں موجود لوگوں کے دلوں کو چھوا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے صدر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات ہیں، ترکیہ کے صدر کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے تمام پہلوئوں پر گفتگو ہوئی۔ ترکیہ کے صدر نے کہا کہ وہ بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

صحافیوں کے سوالات کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ کل آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ ہے، آئی ایم ایف کی کڑی شرائط تھیں، ہم نے ان کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، آئی ایم ایف کی کچھ شرائط کا تعلق چین سے تھا، چینی حکومت نے ماضی کی طرح دوبارہ پاکستان کا ہاتھ مضبوط کیا ہے، چینی لیڈر شپ کا شکر گذار ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی چیلنجز کو ہم نے قبول کیا، اللہ تعالیٰ کے بے پناہ فضل و کرم سے حکومت اور تمام اداروں کی اجتماعی کاوشوں سے معاشی چیلنجز پر قابو پایا، معاشی اشاریوں میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، دعا ہے اللہ تعالیٰ ہماری سمت درست رکھے اور ہمیں پاکستان کے عوام کی حتی المقدور خدمت کرنے کی توفیق دے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button