اسلام آباد (اے پی پی) شام میں پھنسے 318 پاکستانی شہری براستہ بیروت، لبنان اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچ گئے۔ ان پاکستانی شہریوں کو بذریعہ چارٹرڈ طیارہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پاکستان پہنچایا گیا۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستانی شہریوں کا استقبال کیا اور پاکستانی شہریوں کو گلدستے پیش کئے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت تھی کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کو بحفاظت وطن واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں حالات کے پیش نظر پاکستانی زائرین اور دیگر شہری محصور ہو گئے تھے، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی شہریوں کی بحفاطت وطن واپسی کیلئے خصوصی ہدایت کی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور وزیراعظم نے خود لبنان کے وزیراعظم سے رابطہ کیا جس کے لئے ہم خصوصی طور پر لبنان کے وزیراعظم کے مشکور ہیں کہ انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ اگر پاکستانیوں کے پاس پاسپورٹ ہے تو اسے لبنان میں داخلے کا ویزا سمجھیں، ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے اور بحفاظت پاکستان پہنچنے کے لئے اپنے وطن سے راہداری فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے فوری طور پر چارٹرڈ طیارے کا انتظام کیا اور آج خوشی ہے کہ پاکستانی شہری بحفاطت وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ قدم صرف پاکستانی شہریوں کے لئے سفری سہولت پیدا کرنا نہیں بلکہ ایک پیغام تھا کہ کوئی بھی پاکستانی دنیا میں مشکل کا شکار ہو گا تو وہ تنہاءنہیں، اس کے پیچھے اس کا وطن اور حکومت کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستانی شہری اپنے وطن بحفاظت پہنچ گئے ہیں۔ شام میں مقیم پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لئے این ڈی ایم اے نے بسوں کا بھی انتظام کیا ہے، انہیں ان کی منزل تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لئے این ڈی ایم اے اور پاکستان کے سفارتخانوں نے انتھک کام کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم آفس، وزارت خارجہ، وزارت سمندر پار پاکستانیز اور این ڈی ایم اے کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزارت سمندر پار پاکستانیز کی جانب سے واپس آنے والے پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لئے خصوصی سہولت ڈیسک کا قیام جبکہ مسافروں کے لئے ریفرشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔