اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ نے اتحاد تنظیمات مدارس کے فیصلوں اور موقف کی توثیق کرتے ہوئے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی جانب سے منگل کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وفاق المدارس کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مفتی محمد تقی عثمانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں مجلس عاملہ نے اتحاد تنظیمات مدارس کے فیصلوں اور موقف کی توثیق کی۔ مجلس عاملہ کے مطابق جمعہ کے اجتماعات، ختم بخاری اور مدارس کے سالانہ پروگراموں میں عوام الناس کو اتحاد تنظیمات مدارس کے موقف سے آگاہ کیا جائے گا۔
مجلس عاملہ نے مطالبہ کیا کہ مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ بن چکا ہے ،فوری گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ مدارس کے معاملات میں رکاوٹیں اور تاخیری حربے قابل قبول نہیں ہیں۔مدارس کے جملہ مسائل کو فی الفور حل کیا جائے۔
وفاق المدارس کے ذمہ داران نے مولانا فضل الرحمن کے موقف کی تائید کی۔ مجلس عاملہ وفاق المدارس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ مدارس کے اصولی موقف کو تسلیم نہ کرنے کی صورت میں تمام مکاتب فکر کی باہمی مشاورت سے مشترکہ اور متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
،وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مولانا انوار الحق،مولانا محمد حنیف جالندھری،مفتی سید مختار الدین شاہ مولانا سعید یوسف ،مولانا عبیداللہ خالد، مفتی عبدالستار، مولانا امداد اللہ ،مولانا حسین احمد بھی شر کت کی۔