واشنگٹن:
امریکا کا پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق تحفظات کا اظہار۔ بیلسٹک میزائل پروگرام اور نئی امریکی پابندیوں سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کا بیان بھی سامنے آ گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت بٹیل نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق واضح تحفظات ہیں۔ امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی پاکستان کے لانگ رینج بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت سے انکار دیرینہ پالیسی ہے، پاکستان اہم شراکت دار ہے تاہم امریکا اسلحہ کے عالمی عدم پھیلاؤ کے نظام کو ہر صورت برقرار رکھے گا۔
قبل ازیں امریکی نائب مشیر برائے قومی سلامتی کا کہنا ت ھا کہ پاکستان ایسے میزائل بنا رہا ہے جو خطے سے باہر کے اہداف بشمول امریکا کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک تقریب سے خطاب میں نائب امریکی مشیر برائے قومی سلامتی جان فائنر نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس پاکستان طویل فاصلے تک مار کرنیوالے بیلسٹک میزائل بنا رہا ہے، جو اسے جنوبی ایشیاء سے باہر کے اہداف بشمول امریکہ کو بھی نشانہ بنانے کے قابل بنا سکتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی اقدامات اسکے بیلسٹک میزائل پروگرام کے مقاصد کے بارے میں سنجیدہ سوالات اُٹھاتے ہیں۔ اگر کھل کر بات کی جائے تو پاکستان کے اقدامات کو امریکا کیلئے ایک ابھرتے ہوئے خطرے کے سوا کچھ اور سمجھنا مُشکل ہے۔