لاہور:
پاکستان ریلوے نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی 17 ویں برسی کے موقع پر خصوصی ٹرین چلانے کا اعلان کر دیا۔ ریلوے حکام کی جانب سے خصوصی ٹرین چلانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے سابق وزیراعظم کی برسی کے موقع پر لاہور سے گڑھی خدا بخش تک خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹرین لاہور سے ایک روز قبل یعنی 26 دسمبر کو چلائی جائے گی۔ ریلوے کے نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرین دوپہر ایک بجے لاہور سے روانہ ہو گی اور اگلے روز 27 دسمبر کو علی الصبح 4:30 بجے شاہ نواز بھٹو اسٹیشن پر پہنچے گی۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق برسی کے موقع پر چلنے والی خصوصی ٹرین 27 دسمبر شام سات بجے شاہ نواز اسٹیشن سے واپس لاہور کے لیے روانہ ہو گی اور اگلے دن 9 بج کر 20 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔