سیہون شریف: سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ اس ملک کو ایک نئی سوچ کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو ایک نئی سوچ کے ساتھ میدان میں آئے ہیں۔
یونین کونسل بوبک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ الحمداللہ لوگوں کی محبت بلاول بھٹو سے ہے، اس ملک کو ایک نئی سوچ کی ضرورت ہے، لوگوں کو ایک ہی انتظار ہے کہ 8 فروری کو تیر کے نشان پر ٹھپہ مار کر پیپلز پارٹی کو کامیاب کریں۔
انہوں نے کہا کہ نیب کو ختم کرنے کے نواز لیگ کے اعلان کی حمایت کرتا ہوں، دیر آئے درست آئے، 2014 میں آصف زرداری نے نیب ختم کرنے کا کہا تھا، نواز لیگ نے اپنے منشور میں نیب ختم کرنے کا کہہ کر آصف زرداری کے فیصلے کی تائید کی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ووٹ ضائع نہ کریں، پی ٹی آئی والوں کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے وہ پارٹی تتر بتر ہوگئی ہے، پی ٹی آئی میں توڑ پھوڑ میں کسی اور کا ہاتھ نہیں خود پی ٹی آئی کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے بھی ماضی میں نشان چھینے گئے تھے، نواز شریف نے بھی صدارت چھوڑ کر شہباز شریف کو پارٹی صدر بنایا، بانی پی ٹی آئی اپنی ضد پر ہیں کہ پارٹی چیئرمین میں رہوں اور اس نے پارٹی کو تباہ کر دیا، پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کے سابق سپیکر قرآن پاک لیکر حلف اٹھا رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کو اپنے ارکان پر اعتبار نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا اب مقابلہ نواز لیگ سے ہے، نواز لیگ کی کئی بار حکومتیں رہی ہیں مگر انہوں نے کچھ نہیں کیا، بلاول بھٹو ایک نئی سوچ کے ساتھ میدان میں آئے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے عوام سے درخواست کی ہے کہ اپنا ووٹ ضائع کرنے کے بجائے پیپلز پارٹی کو دیں، منچھر جھیل کو میٹھا کرنے کی سکیم پر کام جاری ہے، حکومت میں آ کر منچھر جھیل کو بحال کریں گے۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وزارت اعلیٰ کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی، ہماری حکومت نے گریڈ 1 سے 4 تک نوکریاں دی مگر کچھ لوگوں نے عدالت میں جا کر وہ نوکریاں رکوائیں، ہم وفاق اور صوبائی حکومت میں آ کر دوبارہ لوگوں کو روزگار دیں گے، میرٹ پر نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے۔