قومی

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، نشیبی علاقے زیر آب، شہریوں کو مشکلات

کراچی شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیرآب آگئے، بارش کے باعث بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

نارتھ کراچی، سرجانی، سکیم 33، لیاری اور ٹاور کے اطراف بارش ہوئی، ہاکس بے، ماڑی پور روڈ اور اطراف کے علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔

اورنگی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن، گلشن معمار، بحریہ ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، لیاقت آباد، عائشہ منزل، گلشن حدید اور ناظم آباد میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں سب سے زیادہ 62 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کراچی ائیرپورٹ پر 41.8، یونیورسٹی روڈ پر 29.8، ناظم آباد میں 23.5، نارتھ کراچی میں 33.6، گلشن معمار میں 23 اور کلفٹن میں 39.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

شہر میں برسات کے بعد نکاسی آب کے مسائل پیدا ہونا شروع ہو گئے، شاہراہ پاکستان، راشد منہاس روڈ اور دیگر سڑکوں پر مختلف مقامات پر پانی جمع ہو گیا، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، انڈرپاسز اور نشیبی سڑکوں پر گاڑیاں پانی میں بند ہو گئیں۔
طوفانی بارش کے باعث سی اے اے نے کراچی ایئرپورٹ پر الرٹ جاری کر دیا، سی اے اے نے سیسنا سمیت دیگر چھوٹے طیاروں کو اُڑان سے روک دیا۔
سی اے اے نے ہدایت کی ہے کہ چھوٹے طیاروں اور ہیلی کاپٹر کو ونگز کے ساتھ وزن لگا کر باندھا جائے، کراچی ایئرپورٹ پر کھلے سامان کو درست جگہ سٹور کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button