قومی

جے یو آئی ضلع جنوبی کے انٹرا پارٹی انتخابات مکمل، شیخ الحدیث مولانا نور الحق بلا مقابلہ ضلعی امیر منتخب

تاجر رہنما عبدالحق مخلص ضلعی جنرل سیکریٹری منتخب، جامعہ کریمیہ الفرقان لیاری میں صوبائی ناظم انتخاب مولانا محمد صالح اندھڑ کی زیر نگرانی انتخابات ہوئے

کراچی ۔ جمعیت علماءاسلام ضلع جنوبی کراچی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں شیخ الحدیث مولانا نور الحق دوبارہ ضلعی امیر اور عبدالحق مخلص ضلعی جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے۔

جے یو آئی ضلع جنوبی کراچی کی جنرل کونسل کا انتخابی اجلاس جامعہ کریمیہ الفرقان لی مارکیٹ لیاری میں جمعیت علماءاسلام سندھ کے صوبائی ناظم انتخاب مولانا محمد صالح اندھڑ کی زیر نگرانی منعقد ہوا۔

معاون برائے کراچی ڈویژن مولانا حماد اللہ شاہ اور جے یو آئی ضلع جنوبی کے ناظم انتخابات مولانا نصیر اللہ چغرزئی نے معاونت کی۔

انٹرا پارٹی الیکشن میں جے یو آئی ضلع جنوبی کے امیر شیخ الحدیث مولانا نور الحق اتفاق رائے سے بلا مقابلہ دوبارہ ضلعی امیر جبکہ خفیہ ووٹنگ کے بعد کثرت رائے سے عبدالحق مخلص آئندہ پانچ سال کے لئے جے یو آئی ضلع جنوبی کے جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے۔

شیخ الحدیث مولانا نور الحق لیاری میراں ناکہ میں ایک بڑی دینی درسگاہ جامعہ محمودیہ اور جامعہ مدنیہ کے بانی مہتمم اور شیخ الحدیث ہیں اور علمی و خطابت کے حوالے سے بڑے معروف ہیں۔ انہوں نے تمام تر دھاندلیوں کے باوجود 2018ءکے عام انتخابات میں این اے 246 لیاری سے 33 ہزار سے زائد ووٹ لئے اور حالیہ انتخابات میں 11813 ووٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کی قیادت میں جے یو آئی ضلع جنوبی میں یوسیز سطح پر منظم ہوئی اور عمومی سطح پر کافی مقبولیت بھی حاصل کی ہے۔

نومنتخب ضلعی جنرل سیکریٹری عبدالحق مخلص جے یو آئی کے دیرینہ متحرک رہنما ہیں۔ گزشتہ تنظیمی مدت میں جے یو آئی پی ایس 107 کے جنرل سیکریٹری بھی رہے۔ ہوٹلز اینڈ شاپس اونرز ویلفیئر ایسوسی ایشن لی مارکیٹ کے صدر اور آل کراچی تاجر الائنس ڈسٹرکٹ سٹی کے صدر کے عہدوں پر فائز ہیں۔

انتخابی اجلاس میں مرکزی شوریٰ کے رکن مفتی محمد حسن لانگاہ، صدر ٹاﺅن کے امیر قاری نور الرحمان صدیقی، جنرل سیکریٹری سید کلیم اللہ شاہ، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے جنرل سیکریٹری حافظ سید لقمان شاہ سمیت جے یو آئی ضلع جنوبی کے ارکان جنرل کونسل و دیگر شریک ہوئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button