قومی

نگران وزیراعظم، زرداری، شہباز سمیت دیگر کی تھانے پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، سابق صدر آصف علی زرداری، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سمیت دیگر شخصیات نے ڈی آئی خان میں پولیس سٹیشن پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ڈی آئی خان میں پولیس تھانہ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں امن و امان کے نفاذ کے حوالے سے ہمارے عزم کو ختم کرنے میں ہمیشہ کی طرح ناکام رہیں گی، پوری قوم پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ڈی آئی خان: رات گئے دہشتگردوں کا تھانے پر حملہ، 10 پولیس اہلکار شہید
نگران وزیراعظم نے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کرنے پر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور حملے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
آصف زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی ڈی آئی خان میں پولیس تھانہ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خاتمے کا علاج نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہے، دہشتگردی کی نرسریوں کو تباہ کرنے سے امن ہوگا۔
سابق صدر نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
شہباز شریف
صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی وطن عزیز کے خاطر قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، خیبر پختونخوا پولیس نے ہمیشہ دہشتگردوں کا بڑی بہادری سے مقابلہ کیا ہے، ایسے قابل مذمت حملے ان کے امن کے حصول اور وطن عزیز کی سلامتی کیلئے عزم کو مزید پختہ کریں گے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ
نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے ملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا گو ہیں، شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمی ہونے والے جوانوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کرنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے، اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
بلاول بھٹو
ادھر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی ڈی آئی خان کی تحصیل درابن میں پولیس تھانہ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات کر کے ان کی نرسریوں کو تباہ کرنا ہوگا، دہشتگردی کا ناسور ختم کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے، پولیس کے بہادر جوانوں کے قاتلوں کو خون کے ایک قطرہ کا حساب دینا ہوگا۔
کامران ٹیسوری
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پولیس سٹیشن پر دہشت گردوں کے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملک میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوسکتے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک میں امن قائم کرنے کیلئے قیمتی انسانی جانوں کی قربانی دی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ شہید پولیس افسران و جوانوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعاگو ہوں۔
محسن نقوی
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی ڈی آئی خان میں تھانے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں، زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دہشتگرد دھرتی کا بوجھ ہیں، اتحاد کی قوت سے اس ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا، ملک میں انتشار اور عدم استحکام پھیلانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، شہید اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button