پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار 28 اور 29 اپریل کو سعودی عرب میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس جبکہ 4 مئی کو گیمبیا میں او آئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سعودی عرب عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) کے خصوصی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ہمراہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان اور ڈبلیو ای ایف کے بانی و ایگزیکٹو چیئرمین کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فورم میں اعلیٰ سطح کی شرکت عالمی سطح پر صحت کے ڈھانچے، جامع ترقی، علاقائی تعاون اور نمو اور توانائی کی کھپت کے درمیان توازن میں پاکستان کی ترجیحات کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گی، اس کے علاوہ شریک عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان کے ساتھ بات چیت ہوگی۔
وزیر اعظم 4-5 مئی 2024 کو گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں "پائیدار ترقی کے لیے مذاکرات کے ذریعے اتحاد اور یکجہتی کو بڑھانا” کے نعرے کے تحت اسلامی سربراہی کانفرنس کے 15ویں اجلاس میں شرکت کے لیے گیمبیا کا دورہ کریں گے۔
او آئی سی کا سربراہی اجلاس ایسے نازک وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب غزہ میں اسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری ہے جہاں مسلم دنیا کے رہنما فلسطین کی صورتحال پر غور و خوض کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف غزہ میں نسل کشی پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کریں گے، فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی وکالت کریں گے، یکجہتی کی ناگزیر ضرورت کے علاوہ اسلامو فوبیا، دہشت گردی اور دنیا بالخصوص مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز پر بات کریں گے۔ وزیراعظم مسلم دنیا کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ او آئی سی سربراہی اجلاس سے قبل 2 سے 3 مئی کو وزرائے خارجہ کی کونسل کا ابتدائی اجلاس ہوگا جس میں وزیر خارجہ ڈار شرکت کریں گے، جو دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔