جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کسانوں کے مطالبات کے حق میں مظاہرے
حکومت کسانوں سے گندم کی خریداری یقینی بنائے، لیاقت بلوچ
جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام منگل کو مختلف شہروں میں کسانوں کے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن سے جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کسان تنظیموں کے نمائندوں نے خطاب کیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی ہدایت پر مظاہروں میں کسانوں، مزدوروں اور جماعت اسلامی کے کارکنان نے شرکت کی۔
جماعت اسلامی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کاہنہ میں، سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے مانگا منڈی میں، لاہور ضیا الدین انصاری اور مرکزی سیکرٹری جنرل کسان بورڈ پاکستان ڈاکٹر عبدالجبار نے جی ٹی روڈ شاہدرہ میں اور صدر کسان بورڈ پاکستان سردار ظفر حسین نے فیصل آباد میں احتجاجی مظاہروں نے خطاب کیا۔
لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں سے گندم کی خریداری یقینی بنائے اور ان کے مطالبات منظور کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مڈل مین صورت حال کا فائدہ اٹھا کر کسانوں کو لوٹ رہے ہیں
امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، کسانوں کے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھا رہے ہیں
صدر کسان بورڈ پاکستان سردار ظفر نے کہا کہ کسان اپنے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، جے آئی کسان پورے ملک کے کاشت کار طبقات کی آواز ہے،
دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم اور امیر جماعت اسلامی گجرات انصرمحمود دھول ایڈووکیٹ نے ڈپٹی کمشنر آفس گجرات کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب وسطی نصراللہ گورائیہ نے پاکپتن چوک ساہیوال میں، امیر جماعت اسلامی ضلع فیصل آباد محبوب الزماں بٹ، کسان بورڈ فیصل آباد ڈویژن کے صدر علی احمد گورائیہ، امیر جماعت اسلامی گوجرانوالہ ڈاکٹر احسان اللہ عثمانی،صدر کسان بورڈ گوجرانوالہ، راؤ محمد ظفر نے چن دا قلعہ گوجرانوالہ میں، امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ محمد ظفر ملتان ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر مظاہرہ کیا۔
وہاڑی میں سابق امیدوار صوبائی اسمبلی علی وقاص ہنجرا کی قیادت میں کسانوں نے ریلی نکالی، شیخوپورہ میں امیر جماعت اسلامی ضلع شیخوپورہ رانا تحفہ دستگیر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مانگا منڈی مظاہرین سے امیر ضلع غربی عبدالعزیز عابد نے بھی خطاب کیا۔