مہنگائی میں کمی عوام کے لئے اچھی خبر ہے، وزیراعظم
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف ملے گا، بیان
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مہنگائی میں کمی کو عوام کے لئے اچھی خبر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں، مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 16 ماہ میں جو محنت کی، نگران حکومت نے اسے جاری رکھا، یہ اسی کے ثمرات ہیں ،مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا ،پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خورد و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی ۔سرتوڑ کوشش کررہے ہیں کہ عوام کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔